ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / پارلیمنٹ کا مانسون سیشن 18جولائی سے، حکومت کو جی ایس ٹی منظور ہونے کی امید

پارلیمنٹ کا مانسون سیشن 18جولائی سے، حکومت کو جی ایس ٹی منظور ہونے کی امید

Wed, 29 Jun 2016 23:26:09    S.O. News Service

نئی دہلی، 29؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )حکومت نے آج کہا کہ پارلیمنٹ کے مانسون سیشن میں جی ایس ٹی بل کو منظور کرانے کے لیے اس کے پاس ضروری حمایت ہے۔پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 18؍جولائی سے شروع ہوکر 12؍اگست تک چلے گا۔وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں ہوئی پارلیمانی امور کی کابینہ کمیٹی کی ایک میٹنگ میں اس سیشن کے لیے پروگرام طے کیا گیا۔پارلیمانی امور کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مانسون سیشن ضرورت کے مطابق دوتین دن آگے یا پیچھے کیا جا سکتا ہے۔اس سیشن میں فی الحال 20کام کے دن ہوں گے۔نائیڈو نے دعوی کیا کہ جی ایس ٹی ملک کے وسیع مفاد میں ہے۔ہمارے پاس وسیع حمایت اور جی ایس ٹی کے لیے ہمارے پاس ضروری تعداد ہے، لیکن ہم سبھی پارٹیوں کی رضامندی چاہتے ہیں کیونکہ اس کا ریاستوں پر اثر پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اتفاق رائے سے اس بل کو منظور کرنا چاہتی ہے اور اس سمت میں کام کر رہی ہے، لیکن اس کے باوجود اتفاق رائے نہیں بن پایا تو بھی ہمیں اسے مانسون سیشن میں ہی منظور کرانا ہے۔نائیڈو نے کہا کہ اس بل پرووٹوں کی تقسیم آخری آپشن ہوگا اور حکومت اس مسئلے پرعددی طاقت کے ٹیسٹ سے گریز کرنا چاہے گی اور تمام پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کرے گی ،اور چونکہ یہ ایک آئینی ترمیم بل ہے، اس لیے ووٹوں کی تقسیم تو ہوگی ہی۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا حکومت کانگریس کوراضی کرنے کی کوشش کرے گی ،جو کچھ شرائط کو لے کر اس بل کی مخالفت کرتی رہی ہے؟ نائیڈو نے کہا کہ وزیر خزانہ ارون جیٹلی کانگریس سمیت تمام جماعتوں کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے حال ہی میں وزیر اعظم کے انٹرویو کا بھی حوالہ دیا جس میں مودی نے جی ایس ٹی کو منظور کرانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کا تعاون مانگا ہے۔اس میٹنگ میں وزیر خارجہ سشما سوراج نے نائیڈو کو بتایا کہ اگرممبران پارلیمنٹ چاہیں تو وہ این ایس جی میں ہندوستان کی رکنیت جیسے مسائل کے پیش نظر وزیر اعظم کے حالیہ کی غیر ملکی دوروں پر بحث کے لیے تیار ہیں۔میٹنگ کی صدارت کرنے والے راج ناتھ سنگھ نے لوک پال اور لوک آیکت ترمیمی بل کو جلد سے جلد منظور کرنے پر زور دیا، جبکہ وزیر ماحولیات پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ معاوضہ جنگل کاری فنڈ بل کو جلد منظور کرانے کی ضرورت ہے۔یہ دونوں ہی بل پارلیمنٹ میں زیر التوا ہیں۔نائیڈو نے کہا کہ جی ایس ٹی کے علاوہ، حکومت میڈیکل و ڈینٹل کالجوں کے لیے مشترکہ داخلہ امتحان پر آرڈیننس کی جگہ لینے والے تین بلوں اور ساتھ ہی شترو جائیداد قانون میں ترمیم کے بل کو منظور کرانے پر زور دے گی۔انہوں نے کہا کہ 56بل زیر التواء ہیں جن میں سے 11لوک سبھا میں اور 45راجیہ سبھا میں زیر التوا ہیں۔انہوں نے وزارتوں سے کم از کم 25نئے بل لانے کو بھی کہا۔ان وزارتوں کو نئے بل لانے کے لیے 3جولائی تک نوٹس دینا ہوگا۔


Share: